بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری میجر جنرل محسن رضائی نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے ساتھ اپنی ملاقات کی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے اب تک ایران کی شرائط کا واضح جواب نہیں دیا اور جو جوابات دیے گئے وہ فریب پر مبنی تھے۔
انھوں نے کہا: ایران اور امریکہ کے درمیان کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے ہیں اور ایران کی سات شرائط پوری ہونے تک آبنائے ہرمز نہیں کھلے گا۔
دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ واشنگٹن ایران کی اقتصادی محاصرہ پالیسی کو مزید سخت کرنے کو ترجیح دیتا ہے۔ یہ دونوں موقف ساتھ رکھنے سے ایک اہم تضاد سامنے آتا ہے: ایک طرف اقتصادی دباؤ اور محاصرے پر زور، دوسری طرف میڈیا میں مذاکرات اور معاہدے کی خبروں کو نمایاں کرنا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اس مذاکراتی پروپیگنڈے کا ایک اہم مقصد عالمی توانائی منڈی کو کنٹرول کرنا ہے۔
آبنائے ہرمز تیل و گیس کی ترسیل میں اہم کردار رکھنے کی وجہ سے توانائی منڈی کی توقعات پر فیصلہ کن اثر ڈالتا ہے اور تناؤ میں اضافہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔
ایسے میں مذاکرات کی ممکنہ خبریں تاجروں کی تشویش کم کرنے کے لئے کافی ہوتی ہیں، چاہے حقیقت میں کوئی معاہدہ موجود نہ بھی ہو۔
چنانچہ مذاکرات کی خبروں کو نمایاں کرنا امریکہ کی جانب سے تیل کی قیمتوں میں اضافے کی توقعات کو قابو میں رکھنے کی کوشش قرار دیا جا سکتا ہے، کیونکہ توانائی کی قیمتوں میں اضافہ امریکی حکومت کے لئے معاشی اور سیاسی لحاظ سے مہنگا پڑتا ہے۔
ڈاکٹر محسن رضائی کے بیان کی اہمیت یہ ہے کہ انھوں نے واضح کیا کہ مذاکرات نہ ہو رہے ہیں؛ انھوں نے وینس سے ملاقات نہیں کی ہے اور ایسی کسی ملاقات ایجنڈے پر بھی نہیں ہے، اور امریکی جوابات مکر و فریب پر مبنی ہیں، اور یوں ان کے بیانس ے ظاہر ہؤا کہ ایرانی حکام کی نظر میں واشنگٹن کی جانب سے حقیقی مذاکراتی عمل میں داخل ہونے کی کوئی سنجیدگی نظر نہیں آتی۔ محض رابطوں اور ممکنہ ملاقاتوں کی خبریں سفارتی پیش رفت کی علامت نہیں سمجھی جا سکتیں؛ مذاکرات کا مطلب تب بنتا ہے جب دوسرا فریق اپنے عملی موقف سے پیچھے ہٹے، واضح جواب دے اور ایران کی شرائط پر توجہ دے۔
امریکہ کی سنجیدگی کا پیمانہ میڈیا کے بیانات یا ممکنہ ملاقاتوں کی غیر سرکاری خبریں نہیں، بلکہ ایران کی شرائط کا واضح جواب اور واشنگٹن کے عملی رویئے میں تبدیلی ہے۔
امریکہ ایک ہی وقت میں اقتصادی محاصرے کو دباؤ کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرتا ہے اور دوسری طرف سے "محض مذاکراتی خبروں" سے ایران اور عالمی منڈیوں کو اپنے حساب کتاب بدلنے پر مجبور نہیں کر سکتا۔
خلاصہ یہ کہ اگر امریکی حقیقی مذاکرات کا خواہاں ہے تو اسے میڈیا اور نفسیاتی کھیل کی سطح سے آگے بڑھنا ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ